سرحدوں کی حفاظت کے لیے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں: شیخ اعجاز رضا

ساہیوال (بیورورپورٹ)تحفظ پاکستان کونسل کے چیئر مین شیخ اعجاز احمد رضا نے کہاہے کہ پاکستان‘فوج اور عدلیہ کے خلاف عالمی سازشیں بے نقاب ہوگئی ہیں اس خطرناک کھیل میں جو بھی اندرونی ہاتھ ملوث ہے وہ کاٹ دیاجائے۔بلوچستان میں پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف بینرز اور پمفلٹ لگانے اور غیر ملکی سفیروں کی مداخلت پر قوم ہوشیار ہوجائے۔بھارت‘امریکہ‘اسرائیل اور اتحادی ممالک پاکستان کو شکار کرنا چاہتے ہیں رکاوٹ‘پاک فوج اور سکیورٹی ادارے ہیں۔وہ یہاں اپنے دفتر میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ ہم سب حسینی ہیں شہادت ہماری آرزو ہے ہم ہمسایوں سے امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں مگر غیرت اور بچوں کے خون کے بدلے میں نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین ؓ سے محبت کا تقاضا ہے کہ ملک میں خون نہ بہے اور ظالم‘ دشمن کو بے نقاب کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ایک جان کیا بچہ‘بوڑھا‘مردو خوا تین‘سب ملک ماں دھرتی پر قربان ہونے کے لئے تیار ہیں۔ سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میڈیاکو چاہیے کہ سیاست کے ساتھ دشمنوں کو بھی بے نقاب کیاجائے جو ملکی اداروں کے خلاف بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام ہمیں ڈٹ جانے کا درس دیتاہے ہم ہر محاذ پر کھڑے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں