امن و امان کے قیام میں میونسپل کارپوریشن انتظامیہ سے تعاون کرے گی: مئیر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ)محرم الحرام میں امن و امان یقینی بنانے اورمکمل معاونت کیلئے میونسپل کارپوریشن ساہیوال بھرپور کردار ادا کرے گی۔محرم الحرام کے دوران عملہ کی چھٹیاں منسوخ ہوں گی۔جلوسوں اورمجالس کے راستوں پر صفائی اور پانی کا چھڑکاؤ کا مکمل انتظام ہو گا۔ان خیالات کا اظہار میونسپل کارپوریشن ساہیوال کے میئر اسد علی خان بلوچ نے اخبارنویسوں کو محرم الحرام کے سلسلہ میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ میونسپل کارپوریشن نے امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں تمام یونین کونسلز چیئرمینوں‘کونسلرز‘تاجر تنظیموں اور بلدیاتی حکام کی مربوط تعاون سے تمام ممکنہ اقدامات کرلئے ہیں۔ عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ بلدیہ کے آفس میں سنٹرل کنٹرول روم ہو گا جہاں سے تمام انتظام مانیٹر اورکنٹرول کیاجائے گا۔جلوسوں کے راستوں سے بینرز‘ترپالیں اور دوسری رکاوٹیں ہٹا دی جائیں گی۔نالیوں‘گٹروں اور سیوریج لائنوں کی مکمل صفائی کی جارہی ہے۔ واٹر سپلائی پائپس کی ضرورت مرمت کردی گئی ہے۔ جلوسوں کے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیاجائے گا۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں اور عملہ کو تیار کردیا گیا ہے جو کسی بھی ایمر جنسی یاہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 24گھنٹے تیار رہے گا۔ یونین کونسلز کے چیئرمین جلوسوں کے ہمراہ رہیں گے۔تمام تاجر تنظیموں سے وہ رابطے میں ہیں تاکہ ان کا تعاون حاصل رہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام دیگر متعلقہ محکموں سے مکمل کوارڈی نیشن ہو گا اور ہرقسم کی امداد فراہم کی جائیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں