ساہیوال: سٹی پولیس کے منشیا ت فروشوں کے خلاف چھاپے

ساہیوال (بیورورپورٹ)سٹی پولیس کے منشیا ت فروشوں کے خلاف کامیاب چھاپے‘دو منشیا ت فروشوں سے 4240گرام چرس برآمد‘ملزمان گرفتار‘ ایس ایچ او سٹی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تعاون کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی رانا آصف سرور کو اطلاع ملی کہ نہرایل بی ڈی سی پل بازار کے قریب نامور منشیات فروش ذیشان عرف وکی اور حمزہ چرس فروخت کررہے ہیں جس پر انہوں نے پولیس ٹیمیں تشکیل دیں اور پولیس ٹیموں نے کامیاب چھاپہ مارکر پل بازار کے قریب سے ذیشان عرف وکی کے قبضہ سے 1860گرام چرس اور حمزہ سے 2380گرام چرس برآمد کرکے ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ ایس ایچ او سٹی رانا آصف سرور نے اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف ان کا اعلان جنگ ہے وہ اپنے علاقے میں کسی منشیا ت فروش کو منشیات فروخت کرنے نہیں دینگے اور منشیا ت فروشوں کا قلع قمع کردیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ منشیا ت فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور جہاں بھی منشیات فروخت ہورہی ہو تو انہیں فوری اطلاع دیں تاکہ منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کیاجاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں