محرم الحرام پر سیکیورٹی انتظامات بہتر بنائے جائیں: شیخ اعجاز رضا

ساہیوال(بیورورپورٹ)اتحاد بین المسلمین امن کمیٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری شیخ اعجا زاحمد رضا نے کہاہے کہ سیاسی تبدیلیوں کے باعث سکیورٹی انتظامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے دشمن کمزوری کا فائدہ اٹھا کر وار کرتاہے اس لئے سکیورٹی اداروں‘انتظامیہ اور پولیس کو محرم الحرام میں ریڈ الرٹ رہتے ہوئے سخت انتظامات کرنے چاہئیں۔ انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے دینی مدارس‘سرکاری تعلیمی اداروں میں رواداری اور اسلام کا اصل پیغام روشناس کروانا چاہیے جو سب سے بڑ ی ملکی خدمت ہے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں مختلف مذہبی تنظیموں کے قائدین سے ایک ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری ہر سطح پر کی جائے گی۔ امن کے لئے خدمات دینے والوں کی حکومتی اور اداروں کی سطح پر حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور امن کی راہ میں رکاوٹ کو ختم کردینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں حضرت امام حسین کی اسوہ قربانی پر عملدرآمد کرنا چاہیے جس میں توحید بھی ہے اور رسالت بھی‘امامت بھی اور ولائت بھی ہے۔ صحابہ کرام ؓ خلفائے راشدین ؓکی عظمت اور توقیر ہمارا ایمانی تقاضا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یکم محرم الحرام کے موقع پر حکومت قومی‘ صوبائی اور ڈویژنل سطح پر اہل بیت اور صحابہ کرام ؓ کے مشترکہ پروگرام ترتیب دیں تاکہ نچلی سطح بڑا پیغام جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ سنی‘شیعہ‘اہلحدیث اور دیو بندی مکتبہ فکر کے علماء قابل قدر ہیں ۔ حکومت تحقیقات کے بعد علماء کی زبان بندی اور گرفتاریوں کے احکامات دے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں