آزادی کپ: پاکستان پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جیت گیا

لاہور: بابر اعظم کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے ورلڈ الیون کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 20 رنز سے شکست دے دی۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ورلڈ الیون سات وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز ہی بناسکی۔ورلڈ الیون کی جانب سے اوپنر تمیم اقبال اور ہاشم آملہ نے محتاط انداز میں اننگ کا آغاز کیا لیکن 43 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 18 رنز بناکر رومان رئیس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ چھٹے اوور میں ہی ہاشم آملہ بھی 26 رنز بناکر رومان رئیس کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔
ورلڈ الیون کی تیسری وکٹ 13 ویں اوور میں کپتان فاف ڈوپلیسی کی گری جو 29 رنز بناکر شاداب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
رومان رئیس نے جارح مزاج ٹم پین کا 25 رنز پر سہیل خان کی گیند پر آسان کیچ لیا جب کہ ڈیوڈ ملر 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جو شاداب خان کی گھومتی ہوئی گیند پر وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔
جارح مزاج گرانٹ ایلیٹ 14 رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے جب کہ تھیسارا پرپرا 17 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے سہیل خان، شاداب خان اور رمان رئیس نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے اپنے مقررہ 20 اووروں میں 197 رنز بنائے جس میں نمایاں کردار بابر اعظم کا تھا جنہوں نے 86 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی۔بابر اعظم نے شاندار اننگ میں 10 چوکے اور 2 چھکے لگائے تاہم وہ پاکستانی سرزمین پر سنچری بنانے والے پہلے بلے باز نہ بن سکے اور عمران طاہر کی گیند کا شکار بن گئے۔
جارح مزاج بلے باز فخر زمان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں فخر زمان 2 گیندوں پر 8 رنز بنانے کے بعد مورنی مورکل کی گیند پر ہاشم آملہ کو کیچ دے بیٹھے۔پاکستان اوپنر احمد شہزاد 39 رنز پر بین کٹنگ کی گیند پر سیمی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، احمد شہزاد اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ پر 122 رنز کی شراکت قائم کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں