محرم الحرام میں امن و امان کے لیے علما رواداری کو فروغ دیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ منبر رسول سے عوام کو محبت اور رواداری کا پیغام دیں تاکہ معاشرے میں عدم برداشت ختم ہو اور باہمی یگانگت کو فروغ ملے۔ محرم الحرام کے دوران انتظامیہ اور پولیس مجالس اور عزاداری کے جلوسوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء بھی اپنا بھر پور کردارادا کریں گے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے انتظامی اور پولیس افسران کے علاوہ علماء کرام سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ‘مولانا حسن معصومی ‘حاجی احسان الحق فریدی‘شیخ اعجاز رضا اور مفتی زاہد حسین نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ محبت اہل بیت تمام مسلمانوں کا مشترکہ ورثہ ہے جسے انتشار کا شکار کرنے والے ملک دشمن عناصر کے خلاف علماء کرام کے تعاون سے سخت کاروائی کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران لاوڈسپیکر کے استعمال پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درامد کرایا جائے گا اور عزاداری کی مجالس اور جلوسوں میں وقت اور روٹ کی پابند ی کو یقینی بنایا جائے گا۔کمشنر بابر حیات تارڑ نے محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے بلدیاتی اداروں کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں