قائد کی پیروی کرتے ہوئے پاکستان کو جمہوری ریاست بنائیں گے: زرداری

اسلام آباد: سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ پاکستان کو ایک ملائیت بجائےایک جمہوری، ترقی پسند، فلاحی اور لبرل ریاست بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی فلاح و بہبود ہی قومی اتحاد، سماجی ہمواری اور ملک کے تحفظ کی ضامن ہے۔ ہم آج اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ قائداعظم کے بتائے ہوئے اصولوں پر کاربند رہیں گے۔ آج ہمیں پہلے سے زیادہ اس بات کی ضرورت ہے کہ عسکریت پسندی کی سوچ کو مسترد کر دیں اور درگزر، برداشت کو اختیار کریں اور مخالفت کی آواز برداشت کریں۔ عسکریت پسندی کی سوچ سے لڑنے کے لئے آزادی اظہار کو فروغ دیں جس کی ضمانت قانون دیتا ہے اور اس کی مدد سے ریاست کا متبادل بیانیہ بنایا جا سکتا ہے۔ ہمیں آزادانہ تحقیقات اور بحث و مباحثہ صرف تعلیمی اداروں ہی میں نہیں بلکہ عام زندگی میں بھی رائج کرنے کی ضرورت ہے۔ سابق صدر نے ان لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے پاکستان کے قیام کے لئے قربانیاں دیں اور قیام پاکستان کے بعد ملک میں آئین اور جمہوریت کے لئے اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں قربانیاں پیش کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں