این اے 120 کا الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا: عمران خان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ 17 ستمبرکو این اے 120 کا الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ پاکستان کی عدالتوں میں کبھی کمزور کو انصاف نہیں مل سکا، غریب اور کمزور انسان کو اپنے جائز کام کرانے کے لئے بھی پیسے دینا پڑتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے طاقت وروں کے خلاف فیصلہ دے کر قوم کو ایک انقلاب کی نوید سنائی ہے. سپریم کورٹ نے طاقتور لٹیرےکے خلاف فیصلہ دیا،جس پر عوام سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتے ہیںں، این اے 120کی عوامی عدالت سپریم کورٹ کے فیصلوں کی تائید کرے گی ان خیا لات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قرطبہ چوک میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے کہا کہ نیب کا چئیرمین نواز زرداری مک مکا کے نتیجے میں مقرر کیا گیا ہے.اپنی کرپشن چھپانے کے لئے کرپٹ افراد نے اداروں کو تباہ کردیا ہے۔جب ملک کا وزیراعظم چوری کرتا ہے تو ادارے تباہ ہو جاتے ہیں۔ تباہ حال اداروں کے ساتھ ملک کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتا۔میں کمزور طبقے کو پیغام دینے آیا ہوں کہ جب سے پاکستان بنا یہاں طاقتور حکومت کرتا آیا ہے، لیکن ایک طاقتور کا احتساب کرنے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آپ ووٹ دے کر سپریم کورٹ کے ججوں کا شکریہ ادا کریں۔انہوں نے کہا 17 ستمبر کو لاہور کے حلقہ این اے 120 میں ہونے والے انتخابات عام نہیں کیونکہ اس کے نتائج سے ہی پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے۔ اس الیکشن میں پاکستان کا راستہ بدلے گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ شیر کو ووٹ ڈالنے والے کان کھول کر میری بات سن لیں، اس شخص کو ووٹ ڈالیں گے جس کو سپریم کورٹ نے ایک سال مہلت دی لیکن انہوں نے جو جواب دیئے وہ جھوٹ تھے۔ اب سوا سال بعد سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے تو نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا؟ جیلوں میں بند چوروں اور نواز شریف کی چوری برابر ہے۔ عدالت نے ملک کے طاقتور ترین فرد کو سز ا دی ہے اور اب وہ طاقتور چور جی ٹی روڈ پر کہہ رہا تھا مجھے کیوں نکالا؟ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں پولیس کا نظام تبدیل کیا، شہبازشریف بھی پنجاب پولیس میں یونیفارم بدل کر تبدیلی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہسالوں قبل موٹر سائیکل کا پٹرول خریدنے کی سکت نہ رکھنے والا اسحق ڈار آج اتنے اثاثوں کا مالک کیسے بنا. این اے 120 کے عوام نے اگر اپنے ووٹ کا درست استعمال کیا تو سارے چور کٹہرے میں ہوں گے.

اپنا تبصرہ بھیجیں