معاشرے میں رواداری کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے: احسان الحق ادریس

ساہیوال(ساہیوال نیوز نیٹ ورک)چیئرمین پی ایچ اے ساہیوال پیر احسان الحق ادریس نے کہا ہے کہ وطن سے محبت کا تقاضا ہے کہ معاشرے میں رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے اور مختلف طبقات بھائی چارے سے ملک کو خوبصورت بنائیں۔وہ یہاں مجید امجد ہال میں ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام یوم دفاع کے موقع پر ملی ترانوں کے مقابلے ’’اے وطن کے سجیلے جوانو‘‘کے پروگرام سے خطاب کر رہے تھے جس میں نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔انہوں نے ملی نغموں کا مقابلہ کرانے پر ساہیوال آرٹس کونسل کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ نوجوان نسل میں وطن سے محبت کا جذبہ اجاگر کرنے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کے بارے میں بتایا جائے ۔انہوں نے کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ کے وژن کے تحت ساہیوال میں جاری ثقافتی سرگرمیوں کو معاشرے میں رواداری ،محبت اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ضروری قرار دیا ۔ریذیڈنٹ ڈائریکٹر سید ریاض ہمدانی نے کہا کہ دفاع وطن مختلف طبقات میں ہم آہنگی کے بغیر نا ممکن ہے اور ضروری ہے کہ قوم جنگ ستمبر کے جذبے کو دوبارہ زندہ کریں اور باہمی اتحاد سے ملک دشمنوں کی ریشہ دوانیوں کو شکست دیں ۔مقابلے میں محمد اسد نواز نے پہلی ‘محمد سرفراز نے دوسری اور عبدالرزاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں