تحریک انصاف عمران خان کی جاگیر نہیں: عائشہ گلا لئی

اسلام آباد: تحریک انصاف کی باغی رکن عائشہ گلا لئی نے کہا ہے کہ پارٹی فرد واحد سے نہیں بنتی ،تحریک انصاف عوام کی جماعت ہے یہ عمران نیازی کی جاگیر نہیں۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران عائشہ گلا لئی نے کہا کہ تحریک انصاف کے وکلا نے غلط بیانی کی، میں نے جج صاحبان کے سامنے اپنا موقف پیش کیا ہے، تحریک انصاف کے وکیل عادت کے مطابق جھوٹ بول رہے ہیں، شوکازنوٹس کا جواب وقت پردیا تھا، تحریک انصاف ناتو چھوڑی ہے اورنا ہی میں چھوڑوں گی، یہ میری اپنی جماعت ہے،ہسپتال کے نام پرپیسہ کمانے اوربیرون ملک کی فنڈنگ کھانے والوں کی سیاست اب نہیں چلے گی۔
عائشہ گلالئی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا منشور کرپشن کا خاتمہ اور ٹیکس کی رقوم کو ضائع ہونے سے بچانا تھااور اس وقت اس کا وزیراعلیٰ ایک کروڑ 85 لاکھ کا سوئمنگ پول بنا رہا ہے اورپارٹی سربراہ ڈینگی مریضوں کو بے یارو مدد گار چھوڑ کر سیر وتفریح کر رہا ہے.
اس سے قبل الیکشن کمیشن میں عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی، عائشہ گلالئی نے وکیل کی خدمات لینے کے لئے کمیشن سے وقت مانگ لیا۔ سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نےعائشہ گلالئی سے سوال کیا کہ کیا آپ کوپارٹی کی جانب سے شوکازنوٹس موصول ہوا، جس پر عائشہ گلالئی نے جواب دیا کہ مجھے پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس موصول ہوا ہے، میں اداروں کا احترام کرتی ہوں۔ الیکشن کمشنرنے کہا کہ ہمیں مقررہ مدت میں ریفرنس کی سماعت مکمل کرنی ہے۔ الیکشن کمیشن نےعائشہ گلالئی کوآئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس کی سماعت 19 ستمبرتک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں