ساہیوال (ایس این این)ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج چیچہ وطنی کے نئے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ نیا کیمپس 6ایکڑ رقبے پر بائی پاس اوکانوالہ روڈ پر تعمیر کیا جائے گا جس پر لاگت کا کل تخمینہ13کروڑ80لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن جاوید اخترمحمود نے ایک خصوصی تقریب میں نئے کیمپس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی، پراجیکٹ مینجر حبیب جیلانی وینس، وائس پرنسپلز محمد رفیق اور مدثر رضوان، بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزمان خان، چوہدری سلطان محمود اور سید افتخار حسین شاہ اور اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی محسن نثار شیخ نے بھی شرکت کی۔
نیا کیمپس ڈبل سٹوری ہو گا جس میں 24کلاس رومز کے علاوہ سائنس لیبارٹریز، لائبریری اور دوسری ضروری سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ کیمپس کی تعمیر کے پہلے مرحلے کیلئے5کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جس سے 7کلاس رومز اور ایڈمن بلاک تعمیر کیا جائے گا جس کے بعد موجودہ بلڈنگ سے بوائز سیکشن نئے کیمپس میں منتقل کر کے موجودہ سکول لڑکیوں کیلئے مختص کر دیا جائے گا۔ کمشنر ساہیوال جاوید اختر محمودنے ڈی پی ایس کے نئے کیمپس کی تعمیر شروع ہونے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ معیاری تعلیمی ادارے وقت کی اہم ضرورت ہیں اور ڈی پی ایس ساہیوال اور چیچہ وطنی کیمپسز سٹوڈنٹس کی نصابی اور ہم نصابی صلاحیتوں کو جس طرح نکھار رہے ہیں وہ دوسرے تعلیمی اداروں کیلئے مشعل راہ ہیں۔
انہوں نے ڈی پی ایس چیچہ وطنی کو علاقے کا اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے پر سکول پرنسپل برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی اور اساتذہ کی محنت کو سراہا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب جیلانی وینس نے بتایا کہ نئے کیمپس کی تعمیر شروع ہونے کے ساتھ ہی اس کی لینڈ سکیپنگ کے کام کا بھی آغاز کر دیا جائے گا اور فروری2023میں ایک بڑی شجرکاری مہم شروع کی جائے گی تاکہ کلاسز کے اجراء کے ساتھ ہی کیمپس کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کا کام بھی مکمل ہو جائے۔