ساہیوال ڈی پی ایس آنرز ڈے، 46 اساتذہ کی پروموشن

ساہیوال(ایس این این)ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج میں آنرز ڈے کا انعقاد، مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن جاوید اختر محمود نے انٹرمیڈیٹ سال2022میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں میڈلز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،پرنسپل برگیڈئر (ر)سید انوار الحسن کرمانی، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، ڈائریکٹر انفارمیشن محمد عقیل اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ، کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت سمیت اساتذہ، والدین اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے کالج کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ معیاری تعلیم ادارے نوجوانوں کو ملک کی مستقبل کی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جو لائق ستائش ہے۔ انہوں نے ڈی پی ایس کے اساتذہ کی محنت کو سراہا اور عرصہ دراز سے زیر التواء پروموشن کیسز کی منظوری دیتے ہوئے 46 اساتذہ کو اگلے گریڈز میں پروموٹ کرنے کی منظوری بھی دی۔ ترقی حاصل کرنے والے اساتذہ میں 2اساتذہ مدثر رضوان وائس پرنسپل چیچہ وطنی کیمپس اور مسز فوزیہ انجم سیکشن ہیڈ گرلز آفٹر نون سکول گریڈ 18سے گریڈ 19 جبکہ 22 اساتذہ گریڈ 17سے گریڈ18اور 22 اساتذہ ہی گریڈ16سے گریڈ17میں پروموٹ ہوئے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیں کیونکہ ہم نصابی سرگرمیاں اور کھیلیں متوازی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس سے پہلے پرنسپل برگیڈئر(ر) سید انوار الحسن کرمانی نے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شاندار کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 582طلبہ و طالبات نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 580کامیاب ہوئے اس طرح کامیاب ہونے والوں کی شرح99.15فیصد رہی۔ 580 میں سے379طلبہ و طالبات نےAپلس گریڈ جبکہ162نے1000سے زائد نمبرز حاصل کئے۔ انہوں نے بتایا کہ احمد رضا صفدر نے1066نمبروں کے ساتھ پری انجینئرنگ گروپ میں اورمحمد ابوبکر نے1070نمبروں کے ساتھ پری میڈیکل گروپ میں ساہیوال بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں