ساہیوال(ایس این این)کمشنر ساہیوال ڈویژن/ چیئر مین ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ جاوید اختر محمود نے والدین کے مسلسل مطالبے اور شہر کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈویژنل پبلک سکول ساہیوال میں او/اے لیول کلاسز کے اجراء کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے یہ منظوری بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس میں دی۔ اجلاس میں ایک کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کی سربراہی ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر کریں گے جو اگلے تعلیمی سال سے او لیول کلاسز کے اجراء کیلئے ضابطہ کار کو حتمی شکل دے گی۔ بورڈ اجلاس میں پرنسپل برگیڈیئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی، بورڈ ممبران شیخ محمد یونس، پروفیسر قمر الزمان خان، چوہدری سلطان محمود اور سید افتخار حسین شاہ نے بھی شرکت کی۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی پی ایس ساہیوال کا ساہیوال اور گردو نواح کے شہروں کے سینکڑوں بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ہے اور اسے والدین کا مکمل اعتماد حاصل ہے جو قابل تحسین ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہاں او لیول کلاسز کا بھی اجراء کیا جائے جس سے والدین کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہو گا۔ پرنسپل برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی نے اجلاس کو نئے راوی کیمپس کے تعمیراتی کام بارے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ بوائز سیکشن کی تکمیل کے بعد اگلے تعلیمی سال سے کلاسز کا اجراء کر دیا جائے گا جبکہ گرلز سیکشن کے تعمیراتی کام کو بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں چیچہ وطنی میں نئے بوائز کیمپس کی تعمیر کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔
