لاہور (ایس این این ) بجلی کا بحران مزید سنگین ہو گیا، تربیلا سے بھی بجلی کی سپلائی میں تعطل آ گیا، لاہور کے کئی علاقوں میں ہر 1 گھنٹے بعد 2 گھنٹے کیلئے بجلی بند کرنے کا اعلان، لیسکو کے تمام فیڈرز کو 12 گھنٹے کیلئے بند رکھنے کی ہدایت کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح بجلی کے نیشنل گرڈ میں پیدا ہونے والی خرابی کی صورتحال بہتر ہونے کی بجائے مزید بگڑ گئی ہے۔وفاقی وزارت توانائی کی جانب سے رات تک نیشنل گرڈ میں پیدا ہونے والی خرابی پر قابو پا لینے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم اب جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق تربیلا سے قومی گرڈ کو ملنے والی بجلی کی سپلائی میں بھی تعطیل پیدا ہو گیا ہے، جس کے بعد باعث لاہور اور دیگر شہروں میں بھی لوڈ شیڈنگ کی صورتحال مزید خراب ہو گئی۔لیسکو حکام کے مطابق 4 ہزارمیگاواٹ کی طلب ہے اور رسد آدھی مل رہی ہے، لیسکو کو موصول ہونے والی بجلی 1975 میگا واٹ رہ گئی ہے۔
اس صورتحال میں تمام فیڈرز کو 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا کہہ دیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گرڈ کو ہر ایک گھنٹے بعد 2 گھنٹے کیلئے بند کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کی صبح کراچی کے قریب نیشنل گرڈ کی 2 ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن لائنز میں خرابی کے باعث سسٹم سے 8 ہزار میگاواٹ بجلی نکل گئی تھی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے دعوٰی کیا ساڑھے 4 ہزار سے زائد بجلی دوبارہ سسٹم میں شامل کی جا چکی، جبکہ سسٹم سے نکل جانے والی بقیہ بجلی بھی رات تک بحال کر دی جائے گی، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی صورتحال تاحال بہتر نہیں ہوئی۔نیشنل گرڈ کی 2 ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن لائنز کی وجہ سے ابتدائی طور پر کراچی ریجن میں بجلی کا سنگین بحران پیدا ہوا تھا، تاہم بعد ازاں تربیلا سے بھی بجلی کی فراہمی میں تعطیل پیدا ہونے سے حیدرآباد، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بعد وسطی پنجاب میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن شروع ہوگیا ۔
