ڈی پی ایس چیچہ وطنی کے گرلز کیمپس کی افتتاحی تقریب

ساہیوال(ایس این این)کمشنر سلوت سعید نے کہا ہے کہ لڑکیوں کو تعلیم یافتہ بنانا معاشرے میں مثبت اقدار کے فروغ اور ملک کی اقتصادی ترقی میں بنیاد ی اہمیت کا حامل ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ لڑکیوں کو بلا امتیاز تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں ،انہوں نے یہ بات ڈویژنل پبلک سکول چیچہ وطنی کیمپس کے گرلز سیکشن میں اضافی اکیڈمک بلاک کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جو 2کروڑ65لاکھ روپے کی خطیر رقم سے مکمل ہوا ہے۔ بلاک میں 11کلاس رومز اور2سائنس لیبارٹریز تعمیر کی گئی ہیں -تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ،پرنسپل بریگیڈیئر (ر)سید انوار الحسن کرمانی ،پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب جیلانی وینس ،چیچہ وطنی کیمپس کے وائس پرنسپل رضوان مدثر اور بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزمان خاں،چوہدری سلطان محموداور سید افتخار حسین شاہ اور برسر کاشف ستار اور کاشف بشیر نے بھی شرکت کی -کمشنر نے ڈی پی ایس کے تعلیمی معیار کو سراہا اور کہا کہ معیاری تعلیمی ادارے بچوں کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ،اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلبا و طالبات کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی پوری توجہ دیں -اس سے پہلے پرنسپل بریگیڈیئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی نے چیچہ وطنی کیمپس کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ہمیشہ ادارے کے طلبا و طالبات نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں-انہوں نے بتایا کہ اسوقت سکول میں 1384سٹوڈنٹس زیر تعلیم ہیں جبکہ اساتذہ کی تعداد68ہے -طالبات کے لئے اضافی بلاک کی تعمیر سے مزید بچیوں کو داخلہ مل سکے گا –

اپنا تبصرہ بھیجیں