ساہیوال، جشن آزادی کی تقریبات، کمشنر نے پرچم کشائی کی

ساہیوال(ایس این این)پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر مرکزی تقریب ساہیوال آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے پرچم کشائی کی۔ ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری،ڈی پی او صادق بلوچ،ڈائیریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، اے ڈی سی جنرل نعمان افضل، اے ڈی سی آر عاصم سلیم، اے ڈی سی فنانس یاسر فرید، اسسٹنٹ کمشنر صولت حیات وٹو،سابق چیئرمین پی ایچ اے چوہدری علی شکور،اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر سید ضیاء اللہ شاہ بخاری،سی ای او ایجوکیشن محمد سعید سمیت تمام محکموں کے افسران، سماجی و سیاسی شخصیات، صحافیوں، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔ تقریب میں مختلف سکولز کے بچوں نے ملی نغمے، ٹیبلو پیش کیے جنہیں بے حد سراہا گیا۔ تقریب کی مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی کے حصول کیلئے ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کو منانے کا مقصد ملکر عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر شخص پوری ایمانداری، لگن اور محنت سے اپنا اپنا کردار ادا کرے گا اور پاکستان کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کو اقوام عالم میں انفرادی مقام دلانے اور صف اول میں شامل کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ہی ہماری خوشیاں وابسطہ ہیں اور پاکستان کی آبیاری، ترقی اور خوشحالی کے لئے پاک فوج، پولیس افسران جوانوں نے جو قربانیاں دی ہیں اسکا تقاضا ہے کہ ہم سب اپنا اپنا کردار ادا کریں اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا جہاں سب کو یکساں حقوق حاصل ہوں۔ ممبراسلامی نظریاتی کونسل ضیاء اللہ شاہ بخاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے ہمیں اس نعمت کی پہچان ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے بعداسلام کے نام پر کوئی ریاست بنی ہے تو وہ پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگ باہمی اختلاف بھلا کر ملک و قوم کی ترقی کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اس کی ترقی کیلئے اپنا اپنا حصہ ضرور ڈالیں اورقائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں اپنے وطن کو آگے لیکر جائیں۔ انہوں نے کہا بچے پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہوں نے ہی ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی خاطر دل و جان سے محنت کریں تاکہ پاکستان کا نام رہتی دنیا تک روشن کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں