ساہیوال،جوے میں تین لاکھ روپے ہارنے والے تھانیدار کا ہنگامہ

ساہیوال(این این آئی) پولیس صدر نے پولیس تھانہ سٹی چیچہ وطنی کے ایس ایچ او رانا جواد کو شراب پی کر جوا کھیلتے ہوئے گرفتار کر لیا۔واقعات کے مطابق ملزم رانا جواد اپنی رہا ئش گاہ چک39۔بارہ ایل میں اپنے دوستوں کے ساتھ جوا کھیل رہے تھے اور جواد شراب کے نشہ میں دھت تھا کہ اس دوران اپنے دوست جواریوں کے ہاتھوں تین لاکھ روپے کی نقدی ہار گیا ۔جس پر 15پر کال کر کے تھانیدار نے خود ہی ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا اور دو افراد ذیشان اکبر اور ندیم اکرم کو پولیس کے سپرد کر دیا۔ جس پر ریجنل پولیس آفیسر کے نوٹس میں معاملہ آنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے انکوائری کی تو تھانیدار شراب کے نشہ میں دھت جھوٹا پایا گیا۔جس پر ریجنل پولیس آفیسر کے حکم پرپولیس صدر نے ماجد اشفاق سب انسپکٹر کی مد عیت میں7-5قمار بازی ایکٹ 11-4امتناع منشیات 427ت پ اور29ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا اور پولیس نے جوئے کی رقم9999روپے،تین موبائل اور کار 546۔اے اے سی ٹیوٹا کرولا بھی قبضہ میں لے لی تینوں ملزموںکو حراست میں لے لیا۔ملزم تھانیدار نے خود ہی اسکے شیشے توڑ ڈالے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں