چیچہ وطنی(ایس این این ) پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ محکمہ تعلیم ساہیوال کے زیر اہتمام کمشنر ساہیوال کی ہدایت پر ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج چیچہ وطنی کیمپس میں ڈینگی سے آگاہی اور تحفظ کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی۔ ای او ایلیمنٹری افتخار علوی نے کہا کہ نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گرد ونواح کو صاف رکھے تا کہ موذی امراض سے بچا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ڈینگی جیسی بیماری سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ طلباء اپنے گھر، علاقوں اور سکولز میں حکومتی تجویز کردہ ہدایات پر عمل یقینی بنائیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ابوذر نے محکمہ تعلیم کے ڈینگی سے بچاؤ کے لیے کیے جانے والےاقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس پرنسپل مدثر رضوان نے طلباء کو ڈینگی کے پس منظر اور نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ بچے اس سے بچاؤ اور خاتمے کے لیے احتیاطی تدابیر کو پیش نظر رکھیں اور اپنے گھروں کے ماحول اور اردگرد صفائی ستھرائی یقینی بنائیں ۔
