ساہیوال(ایس این این) سفاک شخص نے لے پالک بیٹی کو آگ لگا دی. 14 سالہ لڑکی موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گئی.ذرائع کے مطابق ملزم دلبر شاہ نے مبینہ طور پر لے پالک لڑکی کو آگ لگائی جو ہسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد گذشتہ رات دم توڑ گئی۔آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے لے پالک لڑکی کو مبینہ طور پر جلا کر ہلاک کرنے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ساہیوال کو فوری کارروائی کا حکم دیا.ڈی پی او ساہیوال کی ہدایت پر پولیس ٹیم نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ملزم دلبر شاہ کو ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے ساہیوال میں 14 سالہ لے پالک لڑکی کو مبینہ طور پر جلا کر ہلاک کرنے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ خواتین اور بچوں پر ظلم و زیادتی کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں لہذا گرفتار سفاک ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی پی او ساہیوال صادق حسین بلوچ نے بتایا کہ متوفی لڑکی کے حقیقی والد کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور ساہیوال پولیس نے ایک گھنٹہ کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او ساہیوال نے بتایا کہ متوفی لڑکی کا پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ہے جبکہ فرانزک ٹیمیوں نے اپنے شواہد بھی اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور کیس کی تفتیش کو جلد از جلد مکمل کرکے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے ڈی پی او ساہیوال کو متاثرہ خاندان سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔