طلبا اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں، کمشنر کا ڈی پی ایس میں تقریب سے خطاب

ساہیوال (ایس این این)کمشنر ساہیوال ڈویڑن علی بہادر قاضی نے طلبا و طالبات پر زور دیاہے کہ وہ اپنی پوری توجہ حصول تعلیم پر مرکوز رکھیں اور اپنے اپنے شعبے میں اعلیٰ مقام کے حصول کے لئے کوشاں رہیں ،جدید دنیا میں وہیں ملک کامیاب ہیں جن کے نوجوان متحرک اورمحنتی ہیں -انہوں نے یہ بات ڈویڑنل پبلک سکول اینڈ کالج کے آنرز ڈے پر خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں انٹرمیڈیٹ امتحانات 2021کے طلبا و طالبات میں میڈلز اور سر ٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے -ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ،پرنسپل بریگیڈیئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی ،ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ اور سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹرمحمد ارشد کے علاوہ بورڈ آف ٹرسٹیز کے ممبران پروفیسر قمر الزمان خان اور چوہدری سلطان محمود ،والدین اور طلبا و طالبات نے بھی تقریب میں شرکت کی -انہوں نے کامیاب طلبا و طالبات کو مبارکباد دی اور کہا کہ محنتی اساتذہ تعلیمی اداروں کی رینکنگ میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں جن کی بدولت طلبا و طالبات نہ صرف نصابی بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہیں-انہوں نے ڈی پی ایس کے پرنسپل اور اساتذہ کو شاندار تعلیمی نتائج دینے پر مبارکباد بھی دی -اس سے پہلے خطبہ استقبالیہ میں پرنسپل بریگیڈیئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات2021میں ڈی پی ایس سے665طلبا و طالبات نے شرکت کی جس میں سے 413نے A+گریڈحاصل کیا جبکہ 245بچوں نے ایک ہزار سے زائد نمبر حاصل کئے -انہو ں نے مزید بتایا کہ ان امتحانات میں 368طلبہ میں سے 184نے A+جبکہ 297طالبات میں سے 229نے A+گریڈ حاصل کیا اس طرح یہ تناسب بالترتیب 50فیصد اور 77فیصد رہا-

اپنا تبصرہ بھیجیں