ساہیوال، خواتین کالج میں ڈی سی ساہیوال کی کلچرل شو میں شرکت

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا ہے کہ معاشرے میں رواداری اور برداشت کے فروغ میں فائن آرٹس کا اہم کردار ہے جس سے سلیقہ مند معاشرہ وجود میں لایا جا سکتا ہے۔ طالبات کو دوران تعلیم فائن آرٹس کے مختلف شعبوں میں ہنرمند کرنے سے نہ صرف ان کی خود اعتمادی میں اضافہ ہو گابلکہ ان کی صلاحیتوں کو بھی اظہار کا موقع ملے گا۔ انہو ں نے یہ بات گورنمنٹ گرلز کالج میں شعبہ فائن آرٹس کی طالبات کے بنائے ہوئے فن پاروں کی نمائش دیکھنے اور کلچرل مقابلوں میں شرکت کے موقع پر کہی۔ ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ، کالج پرنسپل پروفیسر ارمغانہ زین، وائس پرنسپل نغمانہ صدیق، شعبہ فائن آرٹس کی سربراہ افشاں احسان، اساتذہ سمرین وقاص، فوزیہ ذیشان اور رانی آکاش بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے طالبات کے بنائے ہوئے فن پاروں میں گہری دلچسپی لی اور کہا کہ طالبات کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی خوش آئند قدم ہے جس سے انہیں گھر گھرستی سیکھنے کے مواقع میسر آنے کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنے سے ہی معاشرہ ترقی کرے گا جس کیلئے اساتذہ کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے ضلع بھر کے سکولوں اور کالجوں میں فائن آرٹس کی تربیت فراہم کرنے میں ضلعی انتظامیہ کے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے گرلز کالجز کے ہونے والے کلچرل مقابلوں میں بھی شرکت کی اور طالبات کی طرف سے پیش کئے جانے والے خاکے اور ٹیبلو دیکھے اور ان کے معیار کو بے حد سراہا۔ انہوں نے گرلز کالج میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔ اس سے پہلے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ نے کالج میں جاری ثقافتی سرگرمیوں اور شعبہ فائن آرٹس کی اب تک کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ جلد کالج میں بی ایس فائن آرٹس کی کلاسز کا بھی اجراء ہو جائے گا جس سے طالبات کو اس اہم شعبے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں