ساہیوال، ڈاکہ زنی کی وارداتیں، دس لاکھ سے زائد رقم لوٹ لی گئی

سا ہیوال(این این آئی) ڈاکو بیو پاری اور دوکانداروں سے دس لاکھ73ہزار روپے کی نقدی ،زیورات،موٹر سائیکل اور دو موبائل لوٹ کر فرار ہو گئے۔ٍبلال کالونی میں ایک بیو پاری معراج خالد سے دن دہاڑے چار ڈاکوؤں نے پستول دکھا کر موٹر سائیکل نمبر2517۔ایس ایل این اور48ہزار500روپے کی نقدی چھین لی اور فرار ہو گئے۔گورنمنٹ کمپری ہنسو چوک میں پولیس ناکہ کی موجودگی میں تین ڈاکوؤں نے پستول دکھا کر چک 89۔سکس آر کے دوکاندار محمدحمزہ اکرم سے بیس ہزار روپے کی نقدی اور موبائل لوٹ لیا۔چک18۔بی۔سیون آر میں ایک دوکاندار محمد عثمان کے گھر دا خل ہو کر چار نقاب پوش ڈاکوؤں نے کلاشنکوف دکھا کر یر غمال بنا لیا ۔گھر سے چار لاکھ پانچ ہزار روپے کی نقدی ،چھ لاکھ روپے کے زیورات موٹر سائیکل نمبر8413۔ایس ایل این اور موبائل لوٹ کر فرار ہو گئے اور جاتے ہوئے اہل خانہ کو کمروں میں بند کر گئے۔پولیس فتح شیر،فرید ٹاؤن اور ہڑ پہ نے تین مقدمات معراج خالد،محمد حمزہ اکرم اور محمد عثمان کی مد عیت میں392 ت پ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ابھی تک ملزم گرفتار نہیں ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں