ساہیوال(ایس این این) ساہیوال میں شادیوں و تقریبات کے لیے سڑکیں بلاک کرنا رواج بن گیا۔ شادی، مہندی اور مذۃبی تقریبات کی آڑ میں راستے ٹینٹ اور قناتیں لگا کر بند کیے جانے لگے۔ میونسل کارپوریشن کا عملہ خاموش۔ چوراہوں میں رات گئے تک ڈیک لاگ کر لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزیاں بھی عروج پر پہنچ گئیں۔ تفصیل کے مطابق ساہیوال کے گنجان آباد علاقوں میں شادی، مہندی، سالگرہ اور مذہبی تقریبات کی آڑ میں راستے بند کر ٹینٹ لگانا رواج اختیار کرتا جا رہا ہے۔ وسائل نہ ہونے کی بنا پر عوام کی جانب سےٹینٹ لگا کر سڑکیں بلاک کر دی جاتی ہیں حتیٰ کے پیدل چلنے کا راستہ بھی بند کر دیا جاتا ہے جس سے ایمرجنسی میں آنے جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جہاز گراؤنڈ، غلہ منڈی اور کوٹ خادم علی شاہ میں یہ سلسلہ روایت پکڑتا جارہا ہے۔ طلباء و طالبات کو اس ضمن میں خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسی تقریبات میں سڑک مکمل طور پر بند کر دی جاتی ہے اور سڑک کی بندش کا کوئی اجازت نامہ بھی حاصل نہیں کیا جاتا۔ بیچ چوراہوں میں ہونے والی ان تقریبات میں خواجہ سراؤں کے رقص اور ڈیک بجانے کا سلسلہ بھی رات گئے تک جاریرہتا ہے مگر انتظامیہ کارروائی سے گریزاں نظر آتی ہے۔
