ساہیوال، ڈی سی متحرک، صبح سویرے راوی کے کٹاؤ کا معائنہ

ساہیوال(ایس این این) ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے صبح سویرے دور افتادہ گاوں داد بلوچ کا دورہ کیا۔ علاقہ مکین صبح 7 بجے ڈپٹی کمشنر کوگاوں میں دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے۔اے ڈی سی آر عاصم سلیم اور ایکسین اریگیشن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے دریائے راوی کے کٹاؤ کی جگہ کا معائنہ کیا اور مکینوں کو یقین دہانی کرائی کہ گاوں کو دریا برد ہونے سے بچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موسم برسات سے پہلے بند تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے اورفنڈز ملتے ہی تعمیر کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا کہ داد بلوچ کے مکینوں کے جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور کٹاؤ سے ہونے والے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ایکسین اریگیشن کو ہدایت کی کہ بند کی تعمیر کیلئے فنڈز کے جلد اجراء کو یقینی بنائیں۔ گاؤں کے رہائشیوں نے دورہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں