ساہیوال(ایس این این)ساہیوال اور گرد و نواح میں اشائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں.آٹا،گھی،چاول،دالیں،سبزیاں غریب عوام کی پہنچ سے دور ،ٹماٹر 200 روپے،پیاز 100 روپے،دودھ 140 روپے،سیب 300 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہونے لگا،ڈپٹی کمشنرسے نوٹس لینے کامطالبہ ۔ساہیوال میں ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیاہے ۔چھوٹے گوشت کی قیمت 950 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ قصاب دھڑلے سے 1300 روپے کلو فروخت کر رہے ہیں ۔بڑے گوشت کی قیمت 650 روپے وصول کی جا رہی ہے۔دوکانداروں نے انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخ مسترد کر کے منہ مانگے دام وصول کرنا شروع کر دئیے دکانوں پر ریٹ لسٹ ہونے کے باوجود دوکاندار من مانیاں کر رہے ہیں اور ضلعی انتظامیہ ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام نظر آ رہی ہے جو کہ انتظامیہ کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے۔حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی انتظامیہ مافیا کے سامنے بے بسی کی تصویر بن کر رہ گئی۔ غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہ رہا۔اگر حالات ایسے ہی چلتے رہے تو غریب عوام خود کشیوں پر مجبور ہو جائیں گے ۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بنائی گئی پرائس کنٹرول کمیٹیاں عوام کو ریلیف دلوانے کی بجائے عوام پر اضافی بوجھ ہیںجو کہ دکانداروں سے اپنی منتھلیاں وصول کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے کی عام اجازت دے رہی ہیں ۔عوامی سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنرمحمداویس ملک سے نوٹس لیکراصلاح احوال کامطالبہ کیاہے۔
