ساہیوال، جی ٹی روڈ تا کچی پکی بائی پاس منصوبے کا آغاز

ساہیوال(بیورورپورٹ)ساہیوال شہر کے ایک اور اہم منصوبے کے تعمیراتی کام کا آغاز، بائی پاس فیزIIکے ٹینڈر الاٹ کرنے کا عمل مکمل۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس احمد خاور شہزاد نے شفافیت یقینی بنانے کیلئے عمل کی نگرانی کی۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال بائی پاس کے فیزII جی ٹی روڈ سے کچی پکی روڈ تک 4کلو میٹر سڑک اور ریلوے لائن پر اوور ہیڈ برج کی تعمیر کیلئے ٹینڈر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس کے دفتر میں کھولے گئے جن کی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد خاور شہزاد نے نگرانی کی۔ اس موقع پر ایس ای ہائی وے ساہیوال سرکل سہیل اکرم اور ایکسین ہائی وے منصور حیدر بخاری بھی موجود تھے۔ ایک ارب 4کروڑ 35لاکھ روپے کے خطیر رقم سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے میں تین ٹھیکیدارو ں نے حصہ لیا۔ ٹیکنو کنسٹرکشن کمپنی نے 4.5فی صد، عبدالرزاق نے 4.47فی صد اور عبدالوحید نے 4.44فی صد زائد نرخوں پر ٹینڈر جمع کروائے جس پر عبدالوحید کو منصوبہ کا تعمیراتی کام الاٹ کر دیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس احمد خاور شہزاد نے بتایا کہ ساہیوال شہر کا یہ اہم منصوبہ دو سال کی مدت میں مکمل ہوگا جس سے بائی پاس کی تعمیر مکمل ہو جائے گی اور ہیوی ٹریفک شہر سے گزرے بغیر اپنا سفر جاری رکھ سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر تعمیراتی کام کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے بھی انسپکشن کا خصوصی میکنیزم ترتیب دیا جارہا ہے تاکہ اس اہم منصوبے سے عوام تادیر فائدہ اٹھا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں