حقائق کے منافی برکس اعلامیہ کو مسترد کرتے ہیں: وزیر دفاع

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان برکس اعلامیے کو مسترد کرتا ہے، پاکستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، پاکستان کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ قرار دینا پاکستان کی دہشت گردی کے لیے دی گئی قربانیوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ برکس ممالک کو حقائق کے پیش نظر رائے دینی چاہیے تھی۔ افغانستان کے 40 فی صد حصے پر ریاست کا کنٹرول نہیں اور 40 فی صد سے زائد حصہ دہشت گردوں کی جنت ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور اس کے ایٹمی اور دفاعی مقامات کی سیکیورٹی محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ٹرمپ کے بیانات کے بعد غیر ضروری خطروں کی گھنٹیاں بجانے والے ملک پاکستان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان ایسے کسی دباؤ میں نہیں آئے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم برکس اعلامیے کو تسلیم نہیں کرتے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں سے پوری دنیا آگاہ ہے۔ دنیا کو پاکستان پر الزامات لگانے کی بجائے ہماری خدمات کا اعتراف کرنا چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں