عوامی رابطہ مہم،نواز شریف 10 ستمبر کو ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کریں گے

لاہور(آئی پی اے) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف8ستمبر کو وطن واپس پہنچیں گے اور مسلم لیگ نون کی جانب سے عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی ،جس کے دوران میاں نوازشریف مختلف شہروں میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔مسلم لیگ نون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف8 ستمبر کو پاکستان واپس پہنچیں گے،نواز شریف پہلے مرحلے میں ایبٹ آباد کے بعد جنوبی پنجاب اور کراچی میں جلسے کریں گے،10ستمبر کوایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
مسلم لیگ( ن)کے ذرائع کے مطابق 10ستمبر کو ایبٹ آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ ہوگا جس کے بعد ملک بھر میں ایک بڑی عوام رابط مہم کا آغازکیا جائے گا مہم کے دوران مسلم لیگ نون کی جانب سے مختلف شہروں میں جلسوں کے پروگرام ترتیب دیئے جارہے ہیں ۔ نون لیگ کی سنیئرقیادت پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو کہ ان جلسوں اور عوام رابط مہم کے انتظامات کی نگرانی کرئے گی -ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے اراکین کا نام میاں نوازشریف کی وطن واپسی پر کیا جائے گا-دوسری جانب پارٹی کی جانب سے چاروں صوبوں کی صوبائی تنظیموں کو سرگرمیاں بڑھانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے‘نون لیگ کی مرکزی جماعت کی جانب سے صوبائی اور ذیلی تنظیموں کو ایک مراسلہ کے ذریعے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ہرسطح پر نون لیگ کی سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے جبکہ لوکل باڈی اراکین وارڈکی سطح تک لوگوں سے رابطے کریں اور گلی‘محلوں میں کارنرمیٹنگزکا اہتمام کیا جائے‘اسی طرح قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین اور تنظیموں کے عہدیدران کو بھی ایک بھرپور مہم شروع کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے-

اپنا تبصرہ بھیجیں