ساہیوال، ویکسین لگوانے والے مسافر بھی خوار،گھنٹوں گاڑیاں روک کر کارروائیاں

ساہیوال(ایس این این) ساہیوال کے آر ٹی سیکرٹری کی انوکھی منطق، اڈوں میں گاڑیوں کو چھوٹ جب کہ قومی شاہراہ پر گاڑیوں کو گھنٹوں روک کر مسافروں کو خوار کیا جانے لگا۔ آر ٹی سیکرٹری اور ویکسینیشن عملے کی مسافروں سے بد تمیزی۔ ویکسین لگوانے والوں کو بھی خوار کرنے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق آر ٹی سیکرٹری گاڑیوں کے روٹ پرمٹ چیک کرنے کے لیے ساہیوال کے داخلی راستے پر ناکہ لگا کر بیٹھ جاتے ہیں جب کہ اڈوں میں گاڑیوں کے روٹ پرمٹ چیک کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی جاتی۔ اڈاہ مالکان سے ساز باز کر کے اڈوں میں بغیر روٹ پرمٹ چلنے والی گاڑیوں کو بغیر چیک کیے جانے دیا جاتا ہے جب کہ قومی شاہراہ پر ناکے لگا کر مسافروں کا وقت برباد کیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق آج ساہیوال سے ملتان جانے والی شاہراہ پر آر ٹی سیکرٹری ویکسینیشن ٹیم کے ہمراہ گاڑیوں کو روکتے رہے۔ کمشنر ساہیوال کی ہدایات کے مطابق ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں تاہم ویکسینیشن کروانے والے بھی چیک کرنے والے عملے کا شکار بن رہے ہیں۔ عملے کے افراد مسافروں سے نہ صرف بدتمیزی کرتے رہے بلکہ انھیں کارروائی کی دھونس بھی دی جاتی رہی۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن کے بغیر مسافروں کو لے جانے والی گاڑیوں کو اڈے میں ہی روکا جائے تو قابل تحسین عمل ہو گا مگر اڈہ مالکان کے اثر رسوخ کی وجہ سے اڈے سے گاڑیوں کو بغیر چیک کیے نکلنے دیا جاتا ہے اور راستے میں مسافروں کو خوار کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب آر ٹی سیکرٹری بھی اڈے میں گاڑیوں کے روٹ پرمٹ چیک کرنے سے کتراتے ہیں اور مالکان کے اثرو رسوخ کی وجہ سے اڈے کی بجائے راستے میں گاڑیاں روک کر مسافروں کی خواری کا باعث بنتے ہیں۔ مسافروں نے کمشنر ساہیوال سے نوٹس لے کر بہتر حکمت عملی وضع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں