ساہیوال، ڈی پی ایس کے سالانہ بجٹ کی منظوری

ساہیوال(ایس این این)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کی زیر صدارت ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اجلاس، ڈی پی ایس کے کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں 10فی صد اضافے کی منظوری، جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے، کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اجلاس کمشنر ساہیوال ڈویژن اور اور ٹرسٹ کے چیئرمین علی بہادر قاضی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل برگیڈیر (ر) سید انوار الحسن کرمانی، پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب جیلانی وینس، پروفیسر قمر الزمان خان، شیخ محمد یونس، چوہدری سلطان محمود اور سید افتخار حسین شاہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے سکولوں کے کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں 10فی صد اضافے کی منظوری دی گئی تاہم ملازمین کو 25 فی صد اضافہ دینے کی تجویز رد کر دی گئی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانے کے لئے فنانس کمیٹی کو اپنی سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ پرنسپل برگیڈیر (ر) سید انوارالحسن کرمانی نے اگلے تعلیمی سال سے فیسوں میں 5فی صد اضافے کی تجویز دی اور بتایا کہ فیسوں میں اضافہ نہ کیا گیا تو سال-23 2022میں سکول کو 3کروڑ 30لاکھ روپے خسارہ ہو گا اور سال 2023-24میں یہ خسارہ بڑھ کر 7کروڑ 54لاکھ روپے ہو جائے گا جس سے سکول چلانا مشکل ہو گا تاہم بورڈ نے متفقہ طور پر فیسوں میں 5فی صد کی بجائے 4فی صد اضافے کی منظوری دی تاکہ والدین پر معاشی بوجھ نہ پڑے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب جیلانی وینس نے بتایا کہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام 4بڑے ترقیاتی منصوبو ں پر کام تیزی سے جاری ہے جن میں نئے راوی کیمپس کی تعمیر بھی شامل ہے جس کے بوائز سیکشن کی عمارت 10کروڑ71لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کی جا رہی ہے اور تعلیمی سال2023میں راوی کیمپس میں لڑکوں کی تعلیم کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ راوی کیمپس کی چاردیواری کی تعمیر پر 80لاکھ روپے، چیچہ وطنی کیمپس کے گرلز سیکشن میں فرسٹ فلور کی تعمیر پر 2کروڑ 54لاکھ روپے اور گرلز سیکشن ساہیوال کیمپس میں 6اضافی کلاس رومز کی تعمیر پر ایک کروڑ 19لاکھ 51ہزار روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے جاری ترقیاتی کاموں کی سخت مانٹیرنگ کی بھی ہدایت کی تاکہ کام کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں