ساہیوال، 15 شادیاں کرنے والے نوسرباز کا بیٹا گرفتار

ساہیوال(ایس این این) ساہیوال میں 15 شادیاں کرنے والے فراڈیے کا بیٹا گرفتار، ملزم اور اِس کا گروہ سفید پوش خاندانوں میں شادی کرتا اور خواتین کو بلیک میل کرکے طلائی زیورات اور لاکھوں روپے نقدی ہتھیا لیتا، گرفتار ملزم نے تہلکہ خیز انکشافات کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ساہیوال میں 15 شادیاں کرنے والے فراڈیے کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا۔نجی ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق ساہیوال میں گرفتار ہونے والے ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور اِس کا گروہ سفید پوش خاندانوں میں شادی کرکے خواتین کو بلیک میل کرتے اور طلائی زیورات اور لاکھوں روپے نقدی ہتھیا لیتے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی مفرور ملزم فیصل حسن کے بیٹے کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق مرکزی ملزم فیصل حسن نے 15 سے زائد خواتین سے شادی کرکے ان سے رقم زیورات ہتھیا کر طلاق دے دی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھ اس کی پہلی بیوی اور بیٹا عبدالاحد بھی شامل ہیں، ملزم فیصل حسن خود کو کنوارہ یا طلاق یافتہ ظاہر کرکے درجن سے زائد لڑکیوں سے شادی کرکے ان کی زندگیاں برباد کرچکا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں کے تھانوں لاہور، شیخوپورہ، مریدکے، راولپنڈی اور ساہیوال میں ایف آئی آر کا اندراج ہے اور متعدد تھانوں کا اشتہاری بھی ہے۔
پولیس نے گزشتہ روز ملزم کے بیٹے کے خلاف اس کی 15ویں بیوی کی شکایات پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں