ساہیوال(ایس این این) کمشنر ساہیوال محمد نادر چٹھہ کی کینال ریسٹ ہاؤس رہائش گاہ کے گیٹ سے پی ٹی سی ایل کے شعبہ این ٹی سی کی کیبل کی چوری، تین سو سے زائد سر کاری محکموں کے ٹیلی فون کنکشن اور انٹر نیٹ سروس بھی معطل ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات کو کمشنر کی رہائش گاہ کے گیٹ سے کھدائی کر کے پی ٹی سی ایل کی این ٹی سی شعبہ کی کیبل جس سے سر کاری اداروں کو سپیشل ٹیلی فون لائنیں اور انٹر نیٹ کی سروس دی ہوئی ہے اسے کاٹ کر نا معلوم ملزم چوری کر کے لے گئے جس سے تین سو سے زائد ٹیلی فون کنکشن اور انٹر نیٹ سروس بند ہو گئی۔
جن میں ریسکیو1122،محکمہ انہار ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو ساہیوال ریجن کے چیف کمشنر ،انکم ٹیکس کمشنر ان لینڈ ریونیو،ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو،تعلیمی بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے چئیر مین اور ان کے دفاتر،گورنمنٹ کالج،ساہیوال یونیورسٹی ا ور دیگر سر کاری محکموں کے دفاتر کے کنکشن بند ہو گئے اور سارا دن ان محکموں میں عوام اور سر کاری محکموں کے درمیان رابطہ منقطع رہا اور سر کاری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے۔پولیس سول لائن نے مو قع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ چوبیس گھنٹے کے اندر کیبل چوری کے ملزموں کا سراغ لگا کر گرفتار کر لیں گے۔
