ساہیوال، واپڈا کے سٹور میں 15 کروڑ کا غبن، اہل کار تبدیل

سا ہیوال(ایس این این ) چیف ایگزیکٹو آفیسر واپڈا میپکو ملتان ریجن چو ہدری محمد اکرام نے ریجنل واپڈا سٹور ساہیوال میں پندرہ کروڑ روپے کے مبینہ غبن کے انکشاف کے بعد اچانک چھاپہ مارا اور سٹور کا معائینہ کیا ۔اس مو قع پر ایک بریفنگ میں بتایا گیا کہ پندرہ کروڑ روپے کے مبینہ غبن کی انکوائری چیف میپکو کے حکم پر کی گئی جس میں پندرہ شعبوں میں غبن پایا گیا جس میں چھ کروڑ8لاکھ روپے کا میٹریل غائب ہے ۔
ایک کروڑ75لاکھ 15ہزار روپے ٹرانسفارمروں کا غبن27لاکھ روپے اور18لاکھ روپے پچاس کلو واٹ اور 100واٹ کے ٹرانسفارمر، 630کلو واٹ کے دس لاکھ روپے کے ٹرانسفارمر 12 لاکھ روپے کے ٹرانسفارمر کی مر مت کے نام پر ہڑپ کئے گئے جعلی بوگس کے بلوں کے ذریعے ساڑھے تیئس لاکھ روپے کے جعلی بل ،پرانے ٹرانسفارمروں 68لاکھ روپے ،ضائع میٹریل کی مد میں 36لاکھ86ہزار ،اور اسی مد میں 84لاکھ70ہزار روپے کا غبن بھی پایا گیا جبکہ سٹور میں ریلوے کی پٹری اکھاڑ کر ٹکڑے بنا کر فروخت کر دی گئی جس میں30لاکھ روپے سے زائد کا غبن پایا گیا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ریجنل سٹور کے ایکسین عظمت خاں اور سٹور انچارج ساجد مقصود فوری طور پر تبدیل کر دیا۔ایکسین رائو ذوالفقار علی کو سٹور کا چارج دے دیا گیا اور ملتان کے سٹور کیپر شاہد جمیل کو تعینات کر دیا ہے۔چیف میپکو نے کہا ہے کہ ذمہ دار آفسیروں کے خلاف کیس ایف آئی اے کے سپرد کر دیا جائے گا اور افسروں کے اثاثہ جات کی انکوائری نیب کرے گی۔اس سلسلہ میں مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں