ساہیوال،ایس او پیز کی خلاف ورزی، 2 ہزار رشوت دو جو چاہے کرو

ساہیوال(بیورورپورٹ)پولیس تھانہ فرید ٹاؤن نے کورونا کو بھی آمدن کا ذریعہ بنا لیا، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں سے دو دو ہزار روپے وصولی شروع۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس تھانہ فرید ٹائون نے اتوار کی شام تھانہ سے ملحقہ سنوکر کلب پر چھاپہ مارا اور سنوکر کھیلتے ہوئے بچوں کو گرفتار کر لیا اور عدالتی اختیار استعمال کرتے ہوئے فی کس دو ہزار روپے وصول کر کے انہیں رہا کر دیا گیا۔کرونا جس نے ساری دنیا کو پریشان کر رکھا ہے وہاں ساہیوال پولیس قابل ستائش ہے کہ اس نے کرونا کو بھی آمدنی کا ذریعہ بنا لیا ہے جو کہ پولیس کی آمدن میں مسلسل ا ضافہ کا سبب بن رہا ہے ۔ تھانہ کے عقب میں قائم یہ سنوکر کلب کرونا ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے ساری ساری رات کھلا رہتا ہے مگر پولیس اہلکار مسلسل اس سے چشم پوشی کرتے ہیں جب دیہاڑی لگانی ہوتی ہے تو سنوکر کھیلنے والوں کو حراست میں لے کر دیہاڑی لگائی جاتی ہے اور سنو کر مالک کو پروٹو کول دے دیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں