ساہیوال، بارش کے بعد کیچڑ، سبزی منڈی کیچڑ زدہ

ساہیوال (ایس این این) ساہیوال میں اتوار اور پیر کی شب ہونے والی بارش سے شہر بھر میں پانی جمع ہو گیا. سڑکوں اور گلیوں میں جگہ جگہ کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت بنے صفائی کےانتظامات کی قلعی کھول رہے ہیں. ساہیوال شہر کی سبزی منڈی میں ہر طرف کیچڑاور کچرے کے ڈھیر نظر آ رہے ہیں.جبکہ مارکیٹ کمیٹی کے ناقص انتظامات کی قلعی بھی کھل گئی۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال شہر میں ہونے والی بارش کے بعد سبزی منڈی میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا ہے جبکہ نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کے باعث کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں اور متعدد مقامات پر کیچڑ جمع ہوگئی ہے ۔سبزی منڈی کی ابتر صورتحال کے باعث نہ صرف یہاں آنے والے خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ دکانداروں کے کاروبار بھی متاثر ہورہے ہیں۔ سبزی و فروٹ منڈی میں بارش کے پانی کے باعث تعفن پھیل گیا ہے جس کے باعث سبزی منڈی میں مختلف بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے ۔ سبزی منڈی کی مرکزی اور ذیلی سڑکوں پر کیچڑ اور بارش کے پانی کے باعث سبزیاں اور پھل لے کر آنے والی گاڑیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے . دوسری جانب شہر بھر کی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں جوہڑوں کی صورت اختیار کر چکی ہیں. جہاز گراؤنڈ میں نجی کمپنی کی جانب سے زیر زمین انٹرنیٹ کی تار بچھانے کی وجہ سے مسجد کے عین سامنے کھڈے پڑے ہیں اور کیچڑ کی وجہ سے نمازیوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں. بیرون لاری اڈہ میں بھی یہی صورت حال ہے.عوام نےحالت کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کئے جائیں۔ سبزی منڈی سے کیچڑاور گندگی کے ڈھیر صاف کیے جائیں جبکہ فوری طور پر منڈی میں جراثیم کش اسپرے بھی کرایا جائے تا کہ بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں