ساہیوال (ایس این این)جامعہ فریدیہ ساہیوال کا 60واں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و اجتماعی دعاکی دوروزہ تقریبات 26-27مارچ 2021ءکو منعقد ہو رہی ہیں۔اس موقع پر 1087 طلبہ و طالبات سندفراغت حاصل کر رہے ہیں جنہیں اسناد تقسیم کی جائیں گی۔ طلبہ کی دستار بندی و طالبات کی دوپٹہ پوشی بھی کی جائےگی ۔دو روزہ تقریبات کے انتظامات کے سلسلہ میں جامعہ فریدیہ کے مہتمم علامہ ڈاکٹر مفتی مظہر فرید شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہواجس میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔تمام کارکنان نے ملک کے دور دراز کے علاقوں سے آنے والے مہمانوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کا پر خلوص عزم کیا۔ اجلاس میں موجودہ حالات کے پیش نظر سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔اس سلسلہ میں واک تھرو گیٹ سمیت سخت انتظامات کئے جارہے ہیں ۔کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائےگا، سماجی فاصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے فیس ماسک کا استعمال ضروری ہے ۔
