ساہیوال، آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں کا انعقاد

ساہیوال(بیورورپورٹ)پنجاب کونسل آف دی آرٹس ساہیوال ڈویژن نے نوجوانوں کی مختلف شعبوں میں صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں کا اعلان کر دیا ہے جو ضلعی،ڈویژ ن اور صوبائی سطح پر منعقد ہونگے۔ 15سے35سال تک عمر کے نوجوان 7مختلف کیٹگریز میں 22فروری تک مقابلوں میں شرکت کے لئے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں -یہ بات ڈائریکٹر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے ایک پریس ریلیز میں بتائی -انہو ں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر شروع کئے جانے والے اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 7مختلف کیٹگریز کے مقابلے شامل کئے گئے ہیں جن میں آلات موسیقی، شاعری، کہانی نویسی، پینٹنگ، گلو کاری،دستکاری اور شارٹ فلم میکنگ شامل ہے -انہوں نے مزید بتایا کہ نوجوانوں کی بھر پور شرکت کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی اور ڈویژن کی سطح پر ہر گیٹگری میں پہلی 3پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو نقد انعام بھی دیئے جائیں گے -ضلعی سطح کے مقابلے پاکپتن میں 24فروری ایم سی ہال،اوکاڑہ میں 26فروری اوکاڑہ آرٹس کونسل اور ساہیوال میں یکم مارچ ساہیوال میڈیکل کالج میں صبح10بجے منعقد ہونگے اور یہاں سے ہر کیٹگری میں پہلی پوزیشنز حاصل کرنے والوں کے درمیان ڈویژنل مقابلے ڈویژنل پبلک سکول ساہیوال میں 6 مارچ کو جبکہ صوبائی سطح کا گرینڈ فنالے 19سے21مارچ تک اوپن ایئر تھیٹر باغ جناح میں منعقد ہوگا-ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے مزید بتایا کہ ضلعی سطح پر پہلی 3پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو بالترتیب10ہزار روپے،7ہزار اور 5ہزار روپے،ڈویژنل سطح پر بالترتیب15ہزار،10ہزار اور 5ہزار روپے جبکہ صوبائی سطح پر پہلی 3پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 2لاکھ،ڈیڑھ لاکھ اور 50ہزار روپے نقد انعام بھی دیا جائے گا جبکہ ضلعی سطح پر مقابلوں میں شریک تمام نوجوانوں کو آرٹس کونسل کی طرف سے سرٹیفکیٹس بھی دیئے جائیں گے -مقابلوں کی رجسٹریشن کے لئے فارم اور شرائط ساہیوال آرٹس کونسل کے فیس بک پیج یا دفتر سے حاصل کئے جا سکتے ہیں-

اپنا تبصرہ بھیجیں