ساہیوال(بیورورپورٹ)مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو مارے گئے،راہگیرخاتون بھی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی،پولیس تھانہ غلہ منڈی ساہیوال نے عارفوالابائی پاس ساہیوال کے قریب خطرناک اور بدنام زمانہ اشتہاری مجرموں شہباز عرف شہبازی ولد اجمل خاں قوم مردانہ سکنہ ٹبی شیر محمد پور ساہیوال اورالیاس عرف الیاسی ولد اللہ وسایا قوم مردانہ سکنہ ٹبی شیر ساہیوال کوگرفتار کرنے کی کوشش کی تو دونوں اپنے ساتھیوں سمیت پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ نکلے اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے رہے۔ پولیس بھی دفاعی اور جوابی فائرنگ کرتی رہی کچھ دیر بعد مذکورہ اشتہاری مردہ حالت میں پائے گئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ہلاک ہونے والے دونوں ڈکیت متعدد تھانوں کی پولیس کو درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے،پولیس نے فرارہونیوالے ملزموں کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کردی۔پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان کراس فائرنگ کے نتیجہ میں زخمی ہونے والی راہگیر خاتون راشدہ بی بی جاں بحق ہوگئی ،چشتیاں کی رہائشی خاتون اپنے عزیز کیساتھ رکشے میں سوار گھر واپس جارہی تھی ،خاتون کی کمر پرگولی لگی جو سینے تک پہنچ گئی،متوفیہ کے بیٹے عمران علی نے بتایاکہ یہ واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا ہے ہم پوسٹمارٹم اور نہ ہی کوئی کاروائی کروانا چاہتے ہیں،متعلقہ تھانے کی پولیس مرنے والی خاتون کے گھر کاروائی کیلئے پہنچ گئی ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او ساہیوال محمد کاشف اسلم نے پولیس پارٹی کو اس کی فرض شناسی اور بہادری پر شاباش دی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈی پی اونے کہاکہ امن وامان کے قیام کیلئے ہرقانونی حربہ اختیارکیاجائیگاجرائم پیشہ عناصرکوکیفرکردارتک پہنچانے کیلئے ساہیوال پولیس کاہرجواں مصروف عمل ہے۔
