ساہیوال، تجاوزات آپریشن، بیرون لاری اڈہ تجاوزات کا خاتمہ نہ ہو سکا

ساہیوال(ایس این این) ساہیوال میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بازاروں تک محدود، لاری اڈے کے گردو نواح میں ہوٹل مالکان اور غیرقانونی اڈہ مالکان نے جی ٹی روڈ کو پارکنگ بنا ڈالا۔ کچہری کے سامنے جمخانہ کلب کا گیٹ بھی پارکنگ سٹینڈ بن گیا۔ تفصیل کے مطابق ساہیوال میں ڈی سی ساہیوال کی نگرانی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے تاہم اس آپریشن کو ہائی سٹریٹ اور بازاروں تک محدود رکھا گیا ہے۔ کچہری کے سامنے قائم شدہ پارکنگ کی وجہ سے کچہری روڈ اور فرید ٹاؤن روڈ پر ٹریفک کا اژدھا م رہتا ہے۔ بیرون لاری اڈہ پر عارف والا پل اور لاری اڈہ کے قریب چائے کے ہوٹل مالکان اور وین اڈہ مالکان نے جی ٹی روڈ کو پارکنگ سٹینڈ بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے روزانہ چھوٹے موٹے حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ پاکپتن چوک، جہاز گراؤنڈ، فرید ٹاؤن میں بھی تجاوزات کا مسئلہ جوں کا توں موجود ہے.ساہیوال اوور ہیڈ برج کے پاس موٹر سائیکل رکشوں کے ناجائز سٹینڈ بنے ہوئے ہیں جبکہ نجی فیکٹری کے ٹرک لوڈنگ کے بعد گیٹ سے نکلتے ہیں تو ٹریفک جام ہو جاتا ہے۔ شہریوں نے ڈی سی ساہیوال سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں