ساہیوال(ایس این این) کرے کوئی بھرے کوئی، بچوں کے ب فارم جمع نہ کروانے پر سرکاری سکولز کے اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کو محکمہ تعلیم کی جانب سے نوٹس جاری کر دیاگیا۔ اندھیر نگری چوپٹ راجہ کے مصداق والدین کی جانب سے بچوں کے ب فارم جمع نہ کروانے پر سارا نزلہ سرکاری ٹیچرز پر ڈال دیا گیا۔ محکمہ تعلیم ساہیوال کے ڈپٹی ڈی ای او صاحب کی جانب سے چند سکولوں کو ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے کہ آپ کے سکول کے بچوں کے ب۔فارم 50 فیصد سے کم ہیں۔ یہ آپ کی سستی کا نتیجہ ہے، آپ دفتر ہذا کو جواب جمع کروائیں ورنہ آپ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔یہاں یہ امر دلچسپ ہے کہ بچوں کے ب فارم بنانے یا بنوانے کا کوئی اختیاراساتذہ کے پاس نہیں ہے۔ ب فارم بنوانے کی تمام تر ذمہ داری والدین پر عائد ہوتی ہے.اساتذہ گھر گھر جا کر چھٹیوں کے باوجود والدین کو ب فارم بنوانے اور جمع کروانے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس ضمن میں اساتذہ کی سرگرمیوں کی دلچسپ ویڈیوز بھی وائرل ہو چکی ہیں۔ اس کے باوجود اساتذہ ب فارم جمع کروانے کا ذمہ دار ٹھہرایا جانا محکمہ تعلیم کی ہٹ دھرمی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اساتذہ تنظیموں نے اس ضمن میں اپنا احتجاج وزیر تعلیم کو بھی نوٹ کروایا ہے مگر اس کے باوجود اساتذہ کو ذہنی طور پر تناؤ میں رکھنے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
