ساہیوال، ڈی ایچ کیو میں لیزر پروسٹیٹ سرجری کا آغاز

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پہلی دفعہ لیزر پروسٹیٹ سرجری کی گئی جس سے یورالوجی ڈیپارٹمنٹ میں جدید آپریشنز کی راہ ہموار ہوئی ہے – سرجری کے موقع پر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے براہ راست لیزر پروسٹیٹ ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں شریف میڈیکل کالج لاہورکے انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رفیق ذکی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ لیزر ٹیکنالوجی سے پروسٹیٹ سرجری کا عملی مظاہرہ کیا – سرجری کے بعد ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ورکشاپ میں شریک ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے – تقریب میں ساہیوال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی،ڈی جی خان میڈیکل کالج کے ڈاکٹر خالد ملک،ایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید،معروف سماجی شخصیت شیخ محمد یونس،سرجن ڈاکٹر مظہر احمد،شعبہ یورالوجی کے سربراہ ڈاکٹر قدیر احمد چوہدری،ڈاکٹر نثار احمد،ڈاکٹر خالد خان، ڈاکٹر عمر اجمل، ڈاکٹر اجمل رشید،ڈاکٹر ثقلین احمد اور شعبہ نیورالوجی کے سربراہ ڈاکٹر سمیع اللہ کے علاوہ مختلف شعبوں کے سربراہوں نے شرکت کی -پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی نے لیزر ورکشاپ اور سرجری کو شعبہ یورالوجی کے لئے ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ ہسپتال میں جدید طریقہ علاج کو مزید فروغ دیا جائے گا تا کہ پیچیدہ کیسز مقامی سطح پر حل ہو سکیں -انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں جلد کڈنی ٹرانسپلانٹ شروع کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا -انہو ں نے کامیاب لیزر سرجری پر شعبہ یورالوجی کے سربراہ ڈاکٹر قدیر احمد چوہدری اور ڈاکٹر نثار احمد کی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا –

اپنا تبصرہ بھیجیں