ساہیوال (بیورورپورٹ)ساہیوال آرٹس کونسل کی جانب سے صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف نعت گو شاعر پروفیسر سید ریاض حسین زیدی کو چوتھا مجید امجد ایوارڈ پیش کیا گیا جو شاعر کے علاوہ معلم، محقق اور نقاد کے طور پر بھی ملک بھر میں اپنی پہچان رکھتے ہیں۔ انہوں نے پچھلے چھبیس سال سے ‘ ادب سرائے’ کے نام سے ادبی تنظیم قائم کررکھی ہے جو ادب کی ترویج اور فروغ کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ تحصیل کونسل ھال میں منعقد ہونے والی اس پروقار تقریب میں معروف ادبی دانشوروں پروفیسر ڈاکٹر انوار احمد (ملتان)، پروفیسر ڈاکٹر ریاض مجید (فیصل آباد) اور ساہیوال سے پروفیسر محمد اکبر شاہ، پروفیسر اکرم ناصر، پروفیسر افتخار شفیع، پروفیسر ندیم اشرف، پروفیسر حنا جمشید، نوید عاجز اور سیدہ آمنہ ریاض نے زیدی صاحب کی شخصیت اور فن پر گفتگو کی جس میں ادیبوں اور شاعروں کی عظمت اور اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر ریاض ہمدانی ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل نے کہا کہ مجید امجد ادبی ایوارڈ کا مقصد اس خطے کے اہم ادبا اور شعرا کی شخصیت اور فن کا اعتراف کرنا ہے تاکہ نوجوان نسل اپنے ادبی مشاہیرکی زندگی اور ادبی مرتبے سے آشنا ہو سکے اوران کے علمی و ادبی کام کو ان کی زندگی میں پذیرائی دی جا سکے.یادرہے کہ ساہیوال آرٹس کونسل اب تک بسمل صابری، اے ڈی اعجاز مرحوم اور بابا طالب جتوئی مرحوم کو مجید امجد ادبی ایوارڈ پیش کر چکی ہے۔ ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے مزید کہا کہ پروفیسر سید ریاض حسین زیدی نے ساہیوال کو پہچان اور خاص ادبی شناخت سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کی ادبی پہچان اور شناخت کو بڑھانے میں ہم پروفیسر ریاض حسین زیدی کو نہایت عقیدت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے مجید امجد ادبی ایوارڈ 2021 کے لیے معروف شاعر ایزدعزیز کی نامزدگی کا بھی اعلان کیا۔ ساہیوال کے ادبی اور سماجی حلقوں نے آرٹس کونسل کی اس عمدہ روایت کو خوب سراہا ھے۔
