ساہیوال (ایس این این) ساہیوال میں تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی نایاب ہو گئ۔ چینی کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہری اوپن مارکیٹ سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دی گئی اربوں روپے کی خطیر سبسڈی کے ثمرات سے بھی ساہیوال کے شہری محروم رہ گئے۔ شہر کے تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی دستیاب نہیں ہے۔ خریداری کیلئے آنے والے شہری بھی خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز کی مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمیں چینی فراہم نہیں کی جارہی 15 اکتوبر کے بعد چینی تمام اسٹورز پر دستیاب ہو گی۔شہری حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محض دعووں کی بجائے حقیقی معنوں میں اشیاء خورونوش کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے انہیں سہولیات فراہم کی جائیں۔
