ساہیوال، ڈی پی ایس ساہیوال اور چیچہ وطنی کے بجٹ کی منطوری

ساہیوال(ایس این این ) ساہیوال ایجوکیشن ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین ٹرسٹ وکمشنرساہیوال محمد احسن وحید منعقد ہوا جس میں ڈویژنل پبلک سکولز ساہیوال اور چیچہ وطنی کے سالانہ بجٹ کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پرنسپل بریگیڈیئر ریٹائرڈ سید انوار الحسن کرمانی‘ ایڈیشنل کمشنر ایس ڈی خالد‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب جیلانی وینس‘ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حافظ انیس الرحمن‘ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق اور بورڈ ممبران پروفیسر قمرا لزمان خان‘شیخ محمد یونس اور سید افتخار حسین شاہ نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سال 2020-21کیلئے ڈی پی ایس ساہیوال کی آمدنی کا تخمینہ 66کروڑ30لاکھ روپے لگایا گیا جبکہ اخراجات کی مد میں 58کروڑ روپے مختص کئے گئے ۔
ترقیاتی اخراجات کی مد میں نئے راوی کیمپس کی تعمیر کیلئے 12کروڑ‘گرلز سیکشن میں 6مزید کلاس رومز کیلئے ایک کروڑ 20لاکھ اور چیچہ وطنی کیمپس کے گرلز سیکشن کے فیز ٹو کیلئے 2کروڑ روپے بھی مختص کئے گئے ہیں۔پرنسپل بریگیڈیئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی نے اجلاس میں نئے مالی سال کا بجٹ منظوری کیلئے پیش کیا اور بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مجموعی طور پر آمدن میں 4کروڑ روپے کی کمی ہوئی جس میں فیسوں میں 20فیصد کمی کی وجہ سے 2کروڑ روپے اور داخلوں میں تاخیر اور والدین کی طرف سے فیس جمع نہ کروانے کی وجہ سے بھی 2کروڑ روپے کی کمی ہوئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2019-20میں ساہیوال کیمپس میں طلبا و طالبات کیلئے 3اور چیچہ وطنی کیمپس میں ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی لگائے گئے جس سے پینے کے پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں