میٹرک کی مارکنگ شروع، نتائج کا اعلان ستمبر میں ہو گا

ساہیوال (بیورورپورٹ)پنجاب کے تمام بورڈز میٹرک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان ستمبر کے دوسرے ہفتے کریں گے جس کے لئے پیپر مارکنگ کا آغاز ہو گیا ہے -ساہیوال بورڈ نے پیپر مارکنگ کے لئے 8 سنٹرز قائم کئے ہیں جن میں 2سنٹر ساہیوال جبکہ ایک ایک سنٹر ڈویژن کی ہر تحصیل میں قائم کیا گیا ہے -یہ بات ساہیوال بورڈ اور پنجاب بورڈز آف کمیٹی کے چیئر مین حافظ محمد شفیق نے پیپر مارکنگ کے آغاز پر ڈی پی ایس ساہیوال میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں کنٹرولر امتحانات حافظ ڈاکٹر فدا حسین،ڈی پی ایس کے پرنسپل بریگیڈیئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی اور وائس پرنسپل محمد رفیق کے علاوہ تمام مارکنگ سنٹرز کے سکولوں کے پرنسپلز،سپر وائزرز اور متعلقہ آئی ٹی ٹیچرز نے شرکت کی – انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے پیپر مارکنگ کی اجازت ملنے کے بعد اس اہم عمل کا آغاز کیا گیاہے جس کے لئیتمام سنٹرز پر ضروری سہولیات فراہم کر دی گئیں ہیں -کورونا وائرس کے پیش نظر ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے گا اور ٹمپریچر گنز،سینا ٹائزر،ماسک اور گلوز بورڈ فراہم کرے گا -انہو ں نے سنٹر سپروائزر کو سختی سے ہدایت کی کہ ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل کیا جائے جس کی خلاف ورزی پر متعلقہ پیپر ایگزامینر کو بلیک لسٹ کیا جا سکتا ھے -انہوں نے مزید بتایا کہ پیپر مارکنگ کا تمام عمل 50دنوں میں مکمل کرلیا جائے گا تاکہ رزلٹ کا اعلان بروقت ہو سکے -تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات حافظ ڈاکٹر فدا حسین نے پیپر ایگزامینرز پر زور دیا کہ وہ مکمل دیانت داری اور قواعد و ضوابط کے مطابق پیپر چیک کریں کیونکہ بچوں کے مستقبل کا انحصار ان کی دیانتداری پر ہے -انہوں نے زور دیا کہ ایگزامینر پیپر کو اپنے بیٹے یا بیٹی کا پیپر سمجھ کر چیک کرے تا کہ کسی بچے کے ساتھ زیادتی اور حق تلفی نہ ہو -انہو ں نے سپر وائزر پر زور دیا کہ وہ صوبائی حکومت اور ساہیوال بورڈ کی طرف سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر من و عن عمل کریں اور ہر پیپر کے ہر سوال کی چیکنگ سوال کی نوعیت سمجھ کر کریں تا کہ غلطی کا احتمال نہ ہو –

اپنا تبصرہ بھیجیں