ساہیوال، منشیات فروشوں کا محنت کش کے گھر پر حملہ

ساہیوال(بیورورپورٹ)تھانہ بہادر شاہ میں منشیات کی مخبری کرنے والے محنت کش پر تشدد۔ مخبری کے شبہ میں منشیات فروشوں کا محنت کش کے گھر پر حملہ۔ گولی لگنے سے 2 سالہ حسن شدید زخمی۔ فاروق نے پولیس کو منشیات فروشوں بارے مخبری کی تھی۔ پولیس نے مخبر کے نام سے آگاہ کردیا۔تھانہ بہادر شاہ کے علاقہ 59 جی۔ ڈی۔ کو منشیات فروشی کے حوالہ سے منی سہراب گوٹھ کا مقام حاصل ہے۔ منشیات فروشی کا دھندہ تھانہ اور چوکی میں تعینات بعض رشوت خور پولیس افسروں کا پسندیدہ کاروبار ہے۔ گاؤں کے رہائشی فاروق نے مقامی پولیس کو منشیات فروشوں وسیم سنگلہ عرف زکوٹا، شیری اور منظور مصلی بارے آگاہ کرتے ہوئے کاروائی کا مطالبہ کیا۔ مقامی پولیس کے بدعنوان اہلکاروں نے منشیات فروشوں کو مخبر بارے مطلع کردیا۔ گذشتہ شب آتشیں اسلحہ سے لیس تینوں منشیات فروشوں نے محنت کش فاروق کے گھر میں گھس کر اُسے قتل کرنے کی کوشش کی۔ وسیم زکوٹا کی چلائی گئی گولی چارپائی پر لیٹے دو سالہ حسن کے جسم کو چیرتی ہوئی پار گذر گئی۔ فائرنگ اور چیخ و پکار پر اہل علاقہ جمع ہوگئے۔ حملہ آور اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دو سالہ حسن کو 1122 نے سرکاری ہسپتال منتقل کردیا جو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ذرائع کے مطابق تھانہ بہادر شاہ علاقہ میں منشیات فروشوں کی نشاندہی کرنے والوں کو موت کے گھاٹ اُتار دینے کا رجحان شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ منشیات فروشوں سے مفادات حاصل کرنے والے اہلکار مخبری کرنے والوں سے آگاہ کردیتے ہیں جنہیں دیدہئ دلیری سے قتل کردیا جاتا ہے۔ چند ماہ قبل اِسی گاؤں کے رہائشی 35 سنگین جرائم کے مقدمات کے نامزد اشتہاری رفیق عرف پھیکی سنگلہ کی مخبری کرنے پر علاقہ کی سماجی شخصیت محمد خاں چوہان کو دن دیہاڑے قتل کردیا گیا تھا۔ منشیات فروشوں کو محمد خاں کی نشاندہی کرنے اور نامزد قاتلوں سے 25لاکھ روپےوصولی کا الزام سب انسپکٹر الطاف جوتہ پر عائد کیا گیا تھا جسے بعد ازاں لائین حاضر تبدیل کردیا گیا۔ اہل علاقہ کے مطابق تھانہ بہادر شاہ کا عملہ منشیات فروشوں کی سرپرستی کے ذریعے لاکھوں روپئے وصول کررہا ہے۔ علاقہ کو منشیات فروشوں کی جنت اور منی سہراب گوٹھ قرار دیا جاتا ہے جہاں مقامی پولیس منشیات فروشوں کے آگے بے بس ہے۔ ایس ایچ او بہادر شاہ لقمان صادق ڈھڈی نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔وسیم زکوٹا کو اُس کے دوست کے ڈیرہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایس ایچ او لقمان صادق نے مخبری کرنے والوں کی نشاندہی منشیات فروشوں کو کرنے سے اتفاق نہ کرتے ہوئے بتایا کہ مخبر فاروق ایک بار بھی مخبری کرنے تھانہ نہ آیا ہے۔ اہل علاقہ نے آر۔پی۔او۔ ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی۔پی۔او۔امیر تیمور بزدار سے علاقہ کو منشیات فروشوں سے پاک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں