ساہیوال(بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید نے ٹی ایچ کیو ہسپتال چیچہ وطنی اور رورل ہیلتھ سنٹر 185/9-Lکا اچانک دورہ کیا،غیر حاضری پر دو ڈاکٹروں کو شو کاز نوٹس دینے اور صفائی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت،غریب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،طبی عملے کو ہدایت -تفصیلات کے مطابق کمشنر محمد احسن وحید نے سرکاری اداروں کی کارکردگی چیک کرنے کے لئے علی صبح ٹی ایچ کیو ہسپتال چیچہ وطنی اور رورل ہیلتھ سنٹر 185/9-Lکا اچانک دورہ کیا -ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم اور ایڈیشنل کمشنر ایس ڈی خالد بھی ان کے ہمراہ تھے -کمشنر ہسپتال کے مختلف حصوں میں گئے اور وہاں مریضوں کے علاج معالجے کو دیکھا -انہوں نے ایمرجنسی میں ڈاکٹر اظہر نقوی کی غیر حاضری پر ناراضگی کا اظہار کیا اور اسے شو کاز نوٹس دینے کی ہدایت کی -کمشنر کارڈ یک یونٹ،سرجیکل یونٹ،بلڈ بنک،چلڈرن یونٹ اور میڈیکل وارڈ میں بھی گئی اور زیر علاج مریضوں سے دستیاب علاج کے بارے میں معلومات لیں -انہوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سروسز پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کی صورتحال کو بہتر کیا جائے -کمشنر محمد احسن وحیدہسپتال میں قائم پولیو کاؤنٹر بھی گئے اور وہاں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے -بعد ازاں انہوں نے رورل ہیلتھ سنٹر 185/9-Lکا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے میڈیسن سٹور،ڈینٹل سرجن روم اور ڈبلیو ایم او روم کو چیک کیا -انہوں نے ڈاکٹر صوبیہ صابر کی مسلسل تین دن بغیر اطلاع غیر حاضری پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور انہیں بھی شو کاز نوٹس دینے کی ہدایت کی -سنٹر کے دورے کے دوران کمشنر کو بتایا گیا کہ اس ماہ ابتک 40ہزار 123مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے جبکہ 27ڈیلیوریز بھی ہوئی ہیں –
