ساہیوال،میڈیکل کالج سے لکڑی چوری کا انکشاف

ساہیوال(بیورورپورٹ)ساہیوال میڈیکل کالج سے لکڑی چوری کا انکشاف۔ ڈائریکٹر انٹی کرپشن کا چھاپہ۔ قیمتی لکڑی رات کی تاریکی میں سرکاری ٹریکٹر ٹرالر پر چوری کی گئی۔ ڈائریکٹر شفقت اللہ مشتاق نے صدر پریس کلب کی اطلاع پر چھاپہ مار ٹیم تشکیل دیتے ہوئے قیمتی لکڑی سے لدا ٹریکٹر ٹرالر قبضہ میں لیتے ہوئے کاروائی شروع کردی۔ مسروقہ لکڑی برآمد کرنے کیلئے مقامی پولیس کی مدد بھی حاصل کی گئی۔ مختلف سرکاری محکموں میں جاری کرپشن پر گہری نظر رکھنے والے سماجی کارکن مہر حسن عبداللہ ناز نے صدر پریس کلب کو بتایا کہ ساہیوال میڈیکل کالج سے قیمتی لکڑی چرائی جارہی ہے جسے سرکاری ٹریکٹر ٹرالر نمبری SLG12 17 پر شہباز نامی ڈرائیور جانب نور شاہ لیجا رہا ہے۔ پیر سید طمطراق شاہی کی اطلاع پر ریجنل ڈائریکٹر انٹی کرپشن شفقت اللہ مشتاق نے فوری کاروائی کرتے ہوئے اپنے عملہ اور مقامی پولیس کی مدد سے ٹریکٹرٹرالر کا سراغ لگاتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالر نواحی گاؤں رتی ٹبی کے ایک ڈیرہ سے برآمد کرلیا۔ لکڑی چوری کے مبینہ ملزمان اس دوران قیمتی بھاری لکڑی خفیہ ٹھکانے پر منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ساہیوال میڈیکل کالج میں ہارٹیکلچر کے امور کے نگران ڈاکٹر یوسف سلیمی نے ملزمان کو چھڑوانے کیلئے مقامی پولیس کو فون بھی کیا تاہم پولیس نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹی کرپشن کی ٹیم کی آمد تک ٹریکٹر ٹرالر کو روکے رکھا۔ ٹریکٹر ٹرالر ڈرائیور نے لکڑی کی ملکیت کے حوالے سے ڈاکٹر یوسف سلیمی کو ذمہ دار قرار دیا ہے جبکہ ڈاکٹر یوسف سلیمی نے لکڑی چوری کے وقوعہ کی تردید کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں