ساہیوال، بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہ بنانے کی منظوری

ساہیوال(بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن نے کہا ہے کہ بے گھر افراد کو رہائش مہیا کرنے کیلئے ساہیوال میں بھی ایک پناہ گاہ تعمیر کی جائے گی جس کے لئے جوگی چوک میں واگزار کرائی گئی 4کنال قیمتی اراضی مختص کر دی گئی ہے،وزیر اعظم عمران خان بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے میں سنجیدہ ہیں اور پناہ گاہ کی تعمیر اس خواب کی تعبیر کی طرف ایک اھم قدم ہے -انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈویڑن میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا -اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ مریم خان،ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمد کمال مان،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حافظ انیس الرحمن،اے ڈی سی فنانس ساہیوال محمد فاروق صادق اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عمران خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی -انہوں نے افسران پر زور دیا کہ سکیموں کو بر وقت مکمل کرنے کے لئے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تا کہ عام آدمی ان کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکے -اجلاس میں 2018-19کے ترقیاتی منصوبوں سے ہونے والی بچت سے مزید منصوبے شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت 11کروڑ23لاکھ روپے کی بچت سے ضلع ساہیوال اور پاکپتن میں بالترتیب 5اور 9منصوبے مکمل کئے جائیں گے جبکہ ضلع اوکاڑہ میں نئے منصوبوں کی نشاندہی کا عمل بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا -اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع ساہیوال میں 4کروڑ 20لاکھ،ضلع اوکاڑہ میں ایک کروڑ85لاکھ اورضلع پاکپتن میں 5کروڑ18لاکھ روپے کی بچت ہوئی جس سے نئی ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی -اجلاس میں ایس جی ڈی پروگرام کے تحت 2017-18میں مکمل ہونے والے منصوبوں کے بقایا جات 16کروڑ48لاکھ روپے کی ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی –

اپنا تبصرہ بھیجیں