ساہیوال،غیر قانونی پٹرول پمپ پرسمگل شدہ پٹرول کی فروخت

ساہیوال(بیورورپورٹ)گنجان آبادعلاقہ 90/9-Lمیں بااثرافرادنے منی پٹرول پمپ نصب کرلیا،غیر قانونی پٹرول پمپ مالکان ایرانی پٹرول اور ڈیزل کا دھندہ کرنے لگیں۔مقامی شہری مہرحسن عبداللہ ناز نے بتایاکہ چک نمبر90/9-Lبلاوالاچوک میں عرصہ دراز سے منی پٹرول پمپ مالکان ایرانی پٹرول اور ڈیزل کا دھندہ کررہے ہیں جنہیں بااثر بڑے پٹرول پمپ مافیا کی سرپرستی حاصل ہے جس وجہ سے محکمہ سول ڈیفنس و دیگر تمام متعلقہ ادارے کاروائی سے گریزاں ہیں،شہری نے اعلیٰ آفیسران سے اپیل کی ہے کہ گنجان آبادعلاقہ میں منی پٹرول پمپ بم کی حیثیت رکھتاہے جوکسی بھی وقت کسی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتاہے اورمذکورہ پٹرول پمپ پر ناقص پٹرول وڈیزل فروخت کیاجارہاہے جس کے استعمال سے گاڑیاں کھٹارہ ہورہی ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس کارروائی کرنے سے گریزاں ہے جس پٹرول پمپ و ایجنسی کی نشاندہی کی جائے اسی کے خلاف کارروائی ہوتی ہے اور باقی تمام غیر قانونی ایجنسیوں کو قبل ازوقت آگاہ کرکے بند کروادیا جاتا ہے جو کہ بعد ازاں پھر اپنے دھندے میں مصرو ف ہوجاتے ہیں۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر محکمہ سول ڈیفنس کے ملازم نے بتایا کہ سول ڈیفنس انسٹرکٹر ضلع بھر میں جاکر ماہانہ منتھلیاں وصول کرتے ہیں جس کے باعث ان غیر قانونی ایجنسیوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔ واضح رہے کہ ضلع ساہیوال محکمہ سول ڈیفنس کی ناقص کارکردگی اور عدم توجہی کے باعث بارود کے ڈھیر میں تبدیل ہے، اعلیٰ افسران کو کسی بڑے سانحے کا انتظار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں